اک مولوی صاحب کی سناتا ہوں کہانی

ساخت وبلاگ

اک مولوی صاحب کی سناتا ہوں کہانی 

نذر حافی

[email protected]

علامہ اقبال اور مولوی حضرات کی کشمکش ضرب المثل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اک مولوی صاحب کی سناتا ہوں کہانی ،یہ در اصل اقبال کی ہی ایک نظم کا عنوان ہے۔[1]

کچھ لوگوں نے اقبالیات کا مطالعہ کرنے کے لئے اور کچھ نے اقبالیات پر پردہ ڈالنے کے لئے  اقبالیات کو کئی حصوں اور ادوار میں تقسیم کیا تاکہ حسبِ موقع یہ کہا جاسکے کہ یہ تو اقبال کا ارتقائی یا ابتدائی دور تھا لہذا فلاں شعر کی کوئی اہمیت نہیں، لیکن ان درجہ بندیوں کے باوجود کلیات اقبال سے ایک ہی نتیجہ نکلتا ہے کہ

الفاظ و معانی میں تفاوت نہیں لیکن

ملا کی اذاں اور مجاہد کی اذاں اور

پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں

کرگس کا جہاں اور ہے ، شاہیں کا جہاں اور[2]

ظاہر ہے کہ اقبال ؒکی جنگ  اس ملّا سے تھی جوخود غرض تھا اور یا پھر   دین کے پیغام کو نہیں سمجھتا تھا  ، پھر  وقت  گزرتا گیا  اور یہ ناسمجھ مولوی بھی نسل در نسل  پھیلتے گئے، یہاں نتک کہ ممتاز مفتی کو بھی ان خود غرض یا ناسمجھ مولویوں سے شکوہ ہی رہا۔

ممتاز مفتی کے بعد  تو  خود غرض  اور ناسمجھ مولوی حضرات کو گویا کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔ کوئی پوچھنے والا نہیں اور کوئی روک ٹوک نہیں۔  ہمارے ہاں جگہ جگہ اقبال کا دھتکارا ہوا   ناسمجھ مولوی، دین کو  اپنی خود غرضی کی  بھینٹ چڑھا رہا ہے۔

ایک دن  ہم نے  بھی بزمِ خیال میں ،   سب سے پہلے پاکستان کہا تو  ایک  مولوی صاحب کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے ، رونی صورت بناکر کہنے لگے نہیں نہیں ! عزیزم  یوں نہیں کہتے ، سب سے پہلے اسلام  اور حرمین شریفین ہیں ۔

 ہم نے عرض کیا  چلیں ٹھیک ہے ، سب سے پہلے وہی جو آپ کہیں! ذرا یہ تو بتائیں کہ اگر آپ کے نزدیک سب سے پہلے اسلام ہے تو پھر یہ خادم حرمین شریفین نے ٹرمپ کی بیوی کے ساتھ مصافحہ کر کے حرام فعل انجام دیا یا نہیں!؟ وہ فوراً بولے   نہیں نہیں آپ نے دوسروں کی قبر میں تھوڑے ہی جانا ہے، اپنی اصلاح کی فکر کریں ، اپنے ملک کا حال دیکھیں ۔

ہم نے کہا  بالکل بجا فرمایا آپ نے، سچ مچ میں  ہمارے ملک کا بہت برا حال ہے، ہماری فوج کے ریٹائرڈ جنرل کو بغیر سینٹ کو اعتماد میں لئے ،سعودی عرب کی نوکری کے لئے بھیج دیا گیا ہے ، وہ فوراً  بولے کہ آپ نے راحیل شریف کی قبر میں تھوڑا جانا ہے، جو ہورہا ہے ہونے دیں ،اپنی اصلاح کی فکر کریں اور بس ۔

 ہم نے کہا یہ بھی  ٹھیک ہے ، آج  کے بعد ہم صرف اپنی اصلاح کریں گے لیکن  اگلے ہی دن  ، ہم نے  دیکھا  کہ مولوی صاحب اِ دھر اُدھر ، ایّھا الناس ! اٹھو اٹھو ، شام میں جہاد کرنا ہے، افغانستان میں کیا ہورہا ہے ، حرمین شریفین کا دفاع کرنا ہے، کی صدائیں دے رہے تھے۔

ہم نے پوچھا  مولانا صاحب ! آپ نے ہی تو کہا تھا کہ  دوسروں کو چھوڑو  اور صرف اپنی  اصلاح  کی فکر کرو ، یہ اب آپ اپنے ہی قول کے خلاف لوگوں کو  جہاد اور قیام کی دعوت دے رہے ہیں، مولوی صاحب نے  پھر پینترا بدلا  اورتجوید کے مخارج کی بھرپور رعایت کرتے ہوئے  بولے،   برخوردار ! تم سمجھے نہیں، اپنی اصلاح ضروری ہے لیکن اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد کرنا عین فریضہ ہے۔

ہم نے کہا یہ بھی ٹھیک  ہے چلیں ہم بھی آپ کے ساتھ لوگوں کو قیام و جہاد کی دعوت دیتے ہیں اور کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے عالم اسلام کے مرکز سعودی عرب میں بین الاقوامی اسلامی کانفرنس کا مطالبہ کرتے ہیں۔

 مولوی صاحب نے  پھر قلابازی لی  اور کہنے لگے پہلے اپنے ملک کو آزاد کراو اور پھر کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی بات کرو، کیا تمہیں نظر نہیں آرہا کہ کتنی کرپشن ہے اس ملک میں!؟۔ 

ہم نے کہا مولانا  صاحب ! بالکل سو فیصد، آپ کی بات  ٹھیک ہے ۔  اب ہم کرپٹ حکمرانوں کے خلاف عمران خان کا ساتھ دیتے ہیں،  مولانا صاحب چونک کر بولے ، ارے عمران خان،  وہ تو خود یہودیوں کا ایجنٹ ہے! داماد ہے داماد یہودیوں کا۔

 ہم نے دست بستہ عرض کیا  ، مولوی  صاحب ! عمران خان نے تو کسی کو گالیاں  نہیں دیں، عدالت میں  جاکر کیس کیا ہے؟ اگر آپ کے پاس  عمران خان کے خلاف ثبوت ہیں تو آپ بھی کرپشن کا کیس دائر کروائیں، یہ گالیاں تو نہ دیں۔

 کسی کا  داماد ہونا کوئی بری بات تو نہیں۔فتح مکہ سے بھی پہلے  خود ہمارے پیارے نبی ﷺ کے ہاں ابوسفیان جیسے بدترین دشمن  کی بیٹی تھی۔   آپ رشتے داری کی وجہ سے کسی کو کوسنے کے بجائے اصولوں کی بات کریں۔ 

اگر  ایک ارب 65کروڑ کے اثاثوں کی بدولت نواز شریف پاکستان کے پہلے امیر ترین شخص ہیں تو عمران خان   بھی ایک ارب 40 کروڑ کے اثاثوں کے ساتھ پاکستان کی دوسری امیر ترین شخصیت ہیں، اگر آپ میں اخلاقی جرات ہے تو آپ بھی عمران خان پر کرپشن کا کوئی مقدمہ دائر کروائیں۔

جب یہ سنا  تو مولوی صاحب سٹپٹا گئے،  پھر تیور بدلے اور فتوے کا  استرا لہراتے ہوئے بولے بچے تم  توبہ کرو ، تم شخصیت پرستی کر رہے  ہو تم نے عمران خان کو بت بنا دیا ہے ۔

 ہم نے کہا  قبلہ ،  ہمارا تو عمران خان سے کوئی لینا دینا نہیں،  نہ کبھی ان کے جلسے جلوس میں  جانا ہوا  اور  نہ ہی  کبھی ان سے ملا  قات ہوئی،  ہم  تو اصولوں  کی بات کر تے ہیں   ، اگر آج بھی عمران خان پر آپ ایک پائی کی کرپشن ثابت کردیں تو  ہم  ان کی حمایت سے دستبردار  ہونے کے لئے تیار ہیں  لیکن۔۔۔

لیکن۔۔۔ آپ  کے سامنے  شاہ سلمان  نے کفار کے ساتھ دوستی کرکے، ٹرمپ کے ساتھ رقص کر کے، اس کی بیوی سے مصافحہ کرکے ، کفار کو اربوں کے ہدیے دے کر صرف اصولوں کو ہی نہیں بلکہ اسلامی اصولوں کو توڑا ہے لیکن اس کے باوجود آپ سعودی خاندان اور شاہ سلمان کی حمایت سے ایک انچ  بھی پیچھے نہیں ہٹے، بتائیے بت پرستی اور شخصیت پرستی ہم کر رہے ہیں یا آپ ۔

یہ سننا تھا کہ مولوی صاحب  مسکرا کر بولے ! برخوردار عمرہ کرنے چلنا ہے، مفت میں ٹکٹ مل جائے گی ۔

 ہم  نے  عرض کیا  جی نہیں، بہت شکریہ ! البتہ  وہ ایک صاحب ہیں  جنہیں سلیم صافی کہا جاتا ہے  ، انہی کو عمرہ کروا دیجئے گا،   وہ بھی  آپ کی طرح   موجودہ حکومت اورسعودی خاندان  کے پرستاروں میں سے ہیں  ، وہ آپ کی دعوت  ضرور قبول کر لیں گے۔ عمرے کی دعوت اتنی پرکشش تھی کہ اس کے ساتھ ہی  ہمارے خیالات کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔

 

 



[1] بانگ درا (حصہ اول ) زہد اور رندی

[2] بال جبریل، حال و مقام

 


افکار و نظریات: اک مولوی صاحب کی سناتا ہوں کہانی
ہسپتالوں کی حالت زار، مٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کروگے...
ما را در سایت ہسپتالوں کی حالت زار، مٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کروگے دنبال می کنید

برچسب : نویسنده : 6voiceofnation7 بازدید : 286 تاريخ : پنجشنبه 1 تير 1396 ساعت: 5:58