بزم انجم

رفیق انجم کی ڈائری


یہ حادثہ آج 25 اپریل 2024 بروز جمعرات کو میرے ساتھ پیش آیا۔
صبح 10:30 کی بات ہے۔اچانک بشیر دولتی صاحب کی زیارت ہوئی۔ ساتھ ہی عارف بلتستانی صاحب بھی آ دھمکے۔ کچھ ہی دیر میں استاد محترم نذر حافی صاحب بھی پہنچ گئے۔
یعنی یہ سب حضرات جو دوسروں کو مہینوں مہینوں نہیں ملتے مجھے ایک دم مل گئے۔

میں نے کہا چلیں اس حادثے سے آپ سب دوستوں کو بھی باخبر کرتا چلوں۔
ساتھ یہ بھی بتانا تھا کہ بشیر دولتی صاحب نے اس مختصر ملاقات میں تحقیق اور تعلیم کے امتزاج پر کئی اہم نکات بیان کئے۔ انہوں نے شعور اور علم کی سطح بلند کرنے کیلئے سوشل میڈیا سے استفادے کی کئی جہتوں پر بھی روشنی ڈالی۔ یہ سب حضرات ہوں اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کا ذکر نہ ہو یہ ہو ہی نہیں سکتا۔ چنانچہ رہبر کے فرامین کی روشنی میں تحقیق کی اہمیت، لوازمات اور جدید زاویوں پر بھی بات ہوئی۔
شریک محفل عارف بلتستانی صاحب بھی تھے۔ یہ وہی عارف بلتستانی ہیں جنہوں نے کچھ عرصہ پہلے پاکستانی سینما اور شہید آوینی کے حوالے سے ایک بڑا جاندار کالم لکھا تھا۔ انہوں نے ٹیم ورک کرنے کی صلاحیت و افادیت پر بات کی۔ ان کے بقول موجودہ دور ٹیم ورک کا دور ہے۔ تحقیق ہو یا تعلیم، تبلیغ ہو یا تدریس ہر جگہ گروہی طریقہ کار ہی کامیاب ہے۔
پھر بات پہنچی استاد محترم نذر حافی صاحب تک۔ انہوں نے تحقیق اور ٹیم ورک کے ساتھ وقت شناسی اور مخاطب شناسی کے حوالے سے بہت مفید نکات بیان کئے۔

اب ہم بھی وہاں موجود تھے چنانچہ ہم سے بھی نہیں رہا گیا، سوچا کہ چلیں آج ہم بھی کچھ بات کر کے دیکھتے ہیں۔
ہم نے پہلے تو تھوڑی دیر گلا صاف کیا، پانی پیا اور پھر دوبارہ پانی پیا اور پھر اور پانی پیا اور پھر سوچا کہ پانی پینے سے کام نہیں چلے گا، اس لئے کچھ نہ کچھ تو اب کہنا ہی پڑے گا۔

سو ہم نے یہ نکتہ اٹھایا کہ دنیا بھر کے مظلوموں خصوصا اہل غزہ کو اس وقت سب سے زیادہ جس مدد کی ضرورت ہے وہ قلمی مدد و نصرت ہے۔
جو لوگ ظلم کے خلاف اور کچھ نہیں کر سکتے وہ لکھیں اور بولیں تو سہی، حقائق تو بیان کریں۔ مظلوموں کا قلمی طور پر تو ساتھ دیں۔
آج کے دور میں جو شخص سوشل میڈیا کے ہوتے ہوئے ظالموں کے خلاف اپنا کوئی کردار ادا نہیں کرتا، ایسا شخص خود ظالموں کا مددگار ہے۔
خیر نشست مختصر مگر انتہائی مفید تھی۔ باقی اب آپ دوستوں کی رائے اور فیڈ بیک کا انتظار ہے۔

رفیق انجم کی دیگر تحاریر


افکار و نظریات: google, print, voice, nation