کہاں سے آئے یہ اثاثے ؟

ساخت وبلاگ

کہاں سے آئے یہ اثاثے ؟
نذر حافی


گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک تحریر نظروں سے گزری۔ پڑھ کر بہت خوشی ہوئی کہ چلیں کوئی تو ہے جو ان مسائل پر بات کر رہا ہے۔ بصد افسوس تحریر پر محرّر کا نام درج نہیں تھا۔ تحریر کا پہلا پیراگراف ہی اس کی اہمیت کو واضح کر رہا تھا۔ آپ بھی ملا حظہ فرمائیے:
"بانی انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمی حضرت امام خمینی نے جمکران میں ایک تین مرلے کا گھر ورثے میں چھوڑا، 36 سال سے مقام معظم رہبری کے منصب پر فائز حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا چھوٹا سا ذاتی مکان ہے، جہاں سے وہ فرائض منصبی ادا کرنے کے ساتھ انتہائی سادہ زندگی بسر کرتے ہیں، صدر ، چیف جسٹس و ملٹی بلین ادارے آستان قدس رضوی کے سربراہ جیسی اہم ذمہ داریوں پر فائز رہنے اور 45 برس انقلاب اسلامی کی خدمت کرنے والے شہید صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے ورثے میں پانچ مرلے کا مکان چھوڑا، سابق ایرانی صدور پنشن اور مزید ملازمت کر کے اپنا گزر بسر کرتے ہیں۔"
اس پیراگراف کے بعد چند سوالات اٹھائے گئے تھے وہ بھی پیشِ خدمت ہیں:
ایسے میں سوال ہے پاکستان میں ملت جعفریہ کے چند رہنماؤں، مدارس کے مدیران، ٹرسٹ و ادارہ مالکان و تنظیمی افراد نے کروڑوں، اربوں کے اثاثے کیسے بنا لیے ؟؟

جنھوں نے پیدل و سائیکل پر سفر شروع کیا تھا، آج ان کے پاس کروڑوں کے اثاثے کہاں سے آئے ؟
کیا انھیں یہ اثاثے وراثت میں ملے؟

کیا ان کا کوئی ذاتی کاروبار ہے؟

ذاتی کاروبار کے لیے سرمایہ کہاں سے آیا ؟

ان افراد کے زرائع آمدن کیا ہیں؟

کیا ان کے وسائل زرائع آمدن سے مطابقت رکھتے ہیں؟

کیا یہ اپنے وسائل سے مہنگی گاڑیوں، عالیشان مکانات میں پر آسائش زندگی بسر کر سکتے ہیں؟

کیا یہ ملی وسائل کی آمدن و خرچ کا حساب رکھتے ہیں اور باقاعدہ سالانہ آڈٹ کرواتے ہیں؟ انھوں نے اپنی اولادوں کو جو اثاثے منتقل کئے ہیں، کیا وہ اثاثے ان کے اپنے ہیں؟


میں نے چند مرتبہ یہ سوالات پڑھے، آپ بھی چند مرتبہ پڑھیں۔ پہلا سوال ہی یہ بتا رہا ہے کہ لکھاری کی نظر میں چند رہنما، مدارس کے مدیران، ٹرسٹ و ادارہ مالکان و تنظیمی افراد ایسے ہیں جن کی وجہ سے یہ تحریر لکھی گئی ہے۔ اگلی سطور میں ایسے افراد کی دو نشانیاں بتائی گئی ہیں " جنھوں نے پیدل و سائیکل پر سفر شروع کیا اور آج ان کے پاس کروڑوں کے اثاثے ہیں، انھوں نے اپنی اولادوں کو اثاثے منتقل کئے ہیں"۔اس سے کسی کو انکار نہیں کہ مصنف کے خدشات ہر منصف مزاج انسان کے نزدیک درست ہیں۔

البتہ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ اگر پاکستان میں ملت جعفریہ کے چند رہنماؤں، مدارس کے مدیران، ٹرسٹ و ادارہ مالکان و تنظیمی افراد نے ایسا کیا ہے تو انہیں اُن کے نام سے مخاطب کیا جانا چاہیے۔

یقیناً ایسی تحریریں لکھنے والے احباب سیکولر فکر کے حامل نہیں ہیں اور نہ ہی اُن کا مقصد ملت جعفریہ میں سے سارے علمائے کرام اور لباسِ روحانیت کو حذف کر کے سیکولر بنیادوں پر دینی مدارس، فلاحی و رفاہی اداروں اور قومی تنظیموں کو چلانا ہے۔
آج کے اِس آشوب دور میں کہ جب اسلامی معاشرے پر ہر طرف سے طاغوت کی ثقافتی، سیاسی، اقتصادی اور الحادی یلغار جاری ہے ایسے میں بابصیرت علمائے کرام سے استفادہ اور معاشرے میں انہیں ان کا جائز مقام دینا یہ عقلی و شرعی لحاظ سے ضروری ہے۔

جب ہم حضرت امام خمینی ؒ اور شہید ابراہیم رئیسی ؒ کی مثالیں دیتے ہیں تو ہمیں اپنے دلوں اور معاشرے میں علمائے کرام کو بھی وہی مقام دینا ہوگا جو ایران کے معاشرے میں علما کو دیا جاتا ہے۔
ایران کے برعکس ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں علمائے کرام کو جب کہیں درس کیلئے بلایا جاتا ہے تو ٹیکسی والے کی قدروقیمت کو پہچانتے ہوئے اُسے تو کرایہ دے دیا جاتا ہے لیکن وہ عالم ِدین جو درس دیتا ہے، اُسے پھوٹی کوڑی دینے کو بھی اسراف سمجھا جاتا ہے۔
کتنے ہی ایسے علمائے کرام ہیں جنہیں مختلف ورکشاپس اور پروگراموں میں دروس کیلئے جب بلایا جاتا ہے تو انہیں کرایہ تک نہیں دیا جاتا۔

یہ باوا گروپ اور ملنگ طبقے کی بات نہیں کر رہا بلکہ بڑے بڑے انقلابی و تنظیمی حضرات کا نوحہ ہے۔ پھر جب کہیں معاشرے میں انحراف نظر آتا ہے تو یہی انقلابی و تنظیمی حضرات سینہ کوبی کرتے ہیں کہ علما کچھ نہیں کر رہے، علما سستی کر رہے ہیں، علما اپنا فریضہ ادا نہیں کر رہے۔۔۔ وغیرہ وغیرہ ۔

آپ خود مختلف مجالس، ورکشاپس اور دروس کا سروے کر کے دیکھ لیں، آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ ہم علما کو ایسی حالت میں رکھنا چاہتے ہیں کہ وہ مانگ مانگ کر کھاتے رہیں۔جب تک وہ ہمیں اپنے اخراجات کے پورا کرنے کیلئے عرضیاں بھیجتے رہیں تو وہ ہمیں مومن، متقی، روحانی، پارسا اور اچھے لگتے ہیں لیکن اگر اُن کے گھر سے کھانا پکنے کی خوشبو باہر آجائے تو ہمیں اُن کی روحانیت خطرے میں محسوس ہونے لگتی ہے۔
ہم پاکستان میں جس ایران کی مثالیں دیتے ہیں وہاں حقیقی معنوں میں علمائے کرام کی زندگیوں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔آج وہاں ایک عالم دین کو ہمارے ہاں کے بیوروکریٹس کے برابر اور آج کے زمانے کے مطابق ساری ضروری سہولیات حاصل ہیں ۔

یہ سہولیات کسی حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ نسل در نسل معاشرتی ارتقا کا ماحصل ہے۔ اگر ایران کی روحانیت ، لبنان، یمن، شام ، عراق اور غزہ میں بصیرت اور شجاعت کی تاریخ رقم کر رہی ہے تو اُس کی پُشت پر معاشرتی حمایت موجود ہے۔
وہاں ایک طالب علم ہونے کے ناتے حجۃ الاسلام شہید رئیسی اور ایک عام سے طالب علم کے معیارِ زندگی میں کوئی فرق نہیں۔ دونوں کا سکالرشپ علمی سطح کے مطابق ایک جیسا ہے، دونوں کو فری میں بیمہ کی سہولت ، صحت کی بہترین سہولیات، بچوں کی تعلیم کی سہولیات، فرہنگی و تفریحی دورہ جات ، زیارات عتبات عالیہ، گھروں کے کرائے میں ایک جیسی سہولیات، کوئی حادثہ ہو جائے، بیماری لگ جائے، گھر کا کوئی کفیل نہ ہو تو کسی طالب علم کو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں۔

دوسری طرف یہ ہمارا پاکستانی معاشرہ ہے ۔ جی ہاں یہ ہمارا معاشرہ جہاں ہم نے صاحبِ حیثیت ہونے کے باوجود شاید ساری زندگی میں کسی ایک دینی طالب علم کی بھی سرپرستی کر کے اُسے ایک علمی مقام تک نہ پہنچایا ہو لیکن ہم تمام دینی مدارس اور علمائے کرام کو کرپٹ کہنے کو اپنا قومی و ملّی فریضہ سمجھتے ہیں۔

کرپٹ کو کرپٹ کہنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن یہ کہنا اُس وقت مفید اور جائزہے جب ہم حقیقی معنوں میں، مشخصات کے ساتھ کرپٹ عناصر کے نام لے کر ثبوتوں کے ساتھ اُن پر تنقید کریں، اُن کو خطوط لکھیں، اُن کے خلاف عدالتوں میں جائیں اور مقدمات کریں، اور شواہد کے ساتھ سوشل میڈیا پر لوگوں اور مخیّر حضرات کو اُن کے بارے میں آگاہی دیں۔
سارے علمائے کرام کو ایک جیسا اور کرپٹ کہنا، نیز اچھے علمائے کرام کو علمائے سُو اور درباری ملاوں کے برابر ٹھہرانا یہ اچھائی، انصاف اور تعلیمات قرآن و اہلِ بیت ؑ کا قتل ہے۔

کیا چند افراد کی وجہ سے ہمیں سارے علمائے کرام پر خط تنسیخ کھینچ دینا چاہیے؟ یقیناً کرپٹ افراد کو مشخص کر کے اُن سے سوال پوچھنا ، اُن کے خلاف مقدمات قائم کرنا۔۔۔ اصلاح احوال کیلئے ضروری ہے لیکن کھرے اور کھوٹے کو ایک ہی صف میں کھڑا کرنا اصلاح کے بجائے خرابی اور بگاڑ کا شاخسانہ ہے۔
ہماری ملت میں اچھے ، بابصیرت اورمتقی ، تنظیمی افراد و علمائے کرام کی کمی نہیں، ہمیں سب کو غلط کہنے کہنے کے بجائے اپنے قابلِ اعتماد علمائے کرام اور شفاف طریقے سے چلنے والے اداروں کا لوگوں کو تعارف بھی کرانا چاہیے اور ڈونرز کو یہ شعور دینا چاہیے کہ وہ اچھی طرح چھان بین کر کے ذمہ دار افراد کے ہاتھوں تک اپنے عطیات پہنچائیں۔

سوءِ ظن کے نقصانات سے ہم سب آگاہ ہیں، اگر ہم ڈونرز اور مخیّر حضرات کو مدد کرنے کیلئے درست سمت دکھانے کے بجائے، اُنہیں علمائے کرام، اپنی تنظیموں، اپنے اداروں اور اپنی تنظیمی شخصیات سے ہی بدظن کر دیں گے تو اس سے الہی منصوبوں کو جو دھچکا لگے گا کیا ہم خدا و رسولؐ اور اہلبیت ؑ کو اُس کا جواب دے سکیں گے؟

کیا اس طرح قومی منصوبوں کو جو نقصان پہنچے گا اُس کی تلافی ہو سکے گی؟

کیا ضروری ہے کہ ہم مخلص علمائے کرام اور برجستہ تنظیمی شخصیات نیز فلاحی و رفاہی خدمات انجام دینے والوں کی وفات کے بعد ہی اُن کی خدمات کے اعتراف میں کچھ بولیں یا لکھیں؟
راقم الحروف کے مطابق ان مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ ہم جہاں شعور و آگاہی کیلئے ثبوتوں اور شواہد کے ساتھ کرپٹ عناصر کو مشخص کریں وہیں مخلص، مفید اور موثر علمائے کرام اور تنظیمی شخصیات نیز بہترین رفاہی اداروں کا تعارف بھی کرائیں۔

تصویر کے دونوں رُخ ڈونرز اور مخیّر حضرات کے سامنے رکھے جانے چاہیے۔ اُنہیں ثبوتوں کے ساتھ بتایا جانا چاہیے کہ ان افراد کے ہاں مالی امور میں شفافیت نہیں ہے اور ان کے ہاں شفافیت موجود ہے۔

کرپشن سے جنگ کا سفر ایک لمبا، طولانی اور تاریخی سفر ہے۔ اس جنگ میں آج بھی فوجیں مدمقابل صف آرا ہیں۔ یہ ٹھیک ہے کہ بعض لوگ کھانا ایک طرف کھاتے ہیں اور نمازیں دوسری طرف پڑھتے ہیں۔ انہیں دیکھ کر سب کو ایک جیسا نہیں کہا جا سکتا۔ مالک اشتر کو موقع پرستوں جیسا کہنا سچائی اور حقانیت کا انکار ہے۔

خبردار! یہیں بصیرت کی ضرورت ہے، کہیں کھرا اور کھوٹا ایک نہ ہو جائے۔ اصلاح کا نعرہ بہت دلکش ہے لیکن کہیں "كلمة حق يراد بها باطل" کا تکرار نہ ہو جائے۔ کہیں ان مشکوک باتوں اور تحریروں سے خوارج کی طرح کوئی تیسرا گروہ نہ نکل آئے ۔۔۔اور۔۔۔ اس تیسرے گروہ کے بانی شعوری یا لاشعوری طور پر کہیں ہم خود ہی نہ ہوں۔

یاد رکھئے! تعمیر اور تخریب کے درمیان بہت باریک سی لکیر ہے، اُس لکیر کو ہمیشہ محفوظ رہنا چاہیے۔

فیڈ بیک

ہسپتالوں کی حالت زار، مٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کروگے...
ما را در سایت ہسپتالوں کی حالت زار، مٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کروگے دنبال می کنید

برچسب : نویسنده : 6voiceofnation7 بازدید : 6 تاريخ : سه شنبه 12 تير 1403 ساعت: 1:38